119
کراچی سے ’ڈالہ کلچر‘ ختم ہونا چاہیے، مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں سرِعام اسلحے کی نمائش اور پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کے مسلح انداز میں گھومنے کے رجحان کو ختم کرنا ہوگا۔ مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہر شخص اپنا گارڈ لے کر گھوم رہا ہے، شہر…
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں سرِعام اسلحے کی نمائش اور پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کے مسلح انداز میں گھومنے کے رجحان کو ختم کرنا ہوگا۔
مزارِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہر شخص اپنا گارڈ لے کر گھوم رہا ہے، شہر سے اس ’ڈالہ کلچر‘ کا خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کے لیے آواز اٹھانا ان کا حق ہے، تاہم احتجاج کے نام پر شہریوں کو مشکلات میں ڈالنا درست نہیں۔ ایسی شاہراہ کو بند کرنا مناسب نہیں جہاں سے لاکھوں افراد روزانہ گزرتے ہیں، کیونکہ ٹریفک میں پھنسنے سے شہریوں کا وقت اور ایندھن دونوں ضائع ہوتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ شہریوں کو تکلیف میں ڈال کر سیاست کرنے کے حامی نہیں۔ احتجاج کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جاسکتی ہے جہاں لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھا سکیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی انتظامیہ سڑکوں پر ترقیاتی کام کر رہی ہے اور کام کرنے کے طریقہ کار پر اختلاف ہوسکتا ہے، تاہم مختلف منصوبوں کے اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق یونیورسٹی روڈ کا بڑا مسئلہ اب حل ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔
پانی کی تقسیم کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس معاملے پر سیاسی کھینچا تانی ختم ہونی چاہیے۔ سٹی کونسل کے اجلاس میں رہنمائی کی جائے کہ پانی کی تقسیم کا مؤثر طریقہ کیا ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پمپنگ نہ ہونے اور لوڈشیڈنگ کے باعث کئی علاقوں میں پانی نہیں پہنچ پاتا۔
انہوں نے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے سرِعام اسلحے کی نمائش کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سیکیورٹی کمپنیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت اور پولیس اقدامات کر رہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سب کو قانون کی پاسداری میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی آمد کے موقع پر کوئی ’ڈالہ‘ موجود نہیں تھا۔
میئر کراچی نے مزید کہا کہ پانی کے ضیاع پر بھی کارروائی کرنا ہوگی، کیونکہ اس سے نہ صرف پانی ضائع ہوتا ہے بلکہ سڑکوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔
نگراں حکومتوں سے متعلق مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں اس طرح کی نگراں حکومتیں نہیں ہوتیں، جبکہ پاکستان میں یہ روایت موجود ہے۔ ان کے مطابق موجودہ سال ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور تکمیل کا سال ہے اور اب تیاری یہ ہے کہ انتخابات جلد از جلد ہوں۔








