1 رَبيع الثاني / September 12

کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کے دوران ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں 6 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے تمام ملزمان کو 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ مقدمے کے مطابق ملزمان صبح ساڑھے 6 بجے مبینہ طور پر زبردستی دکانیں بند کرا رہے تھے، تاہم کاروباری مراکز میں دکانیں عموماً صبح 9 بجے کے بعد کھلتی ہیں۔

عدالت نے قرار دیا کہ تفتیشی افسر نے دکانداروں کے بیانات ریکارڈ نہیں کیے، جبکہ ایف آئی آر اور دیگر دستاویزات میں بھی دکانداروں کی شناخت موجود نہیں۔

عدالت کے مطابق جلائی گئی موٹر سائیکلوں کے مالکان کے بیانات بھی ریکارڈ نہیں کیے گئے، جبکہ ملزمان کے خلاف مبینہ جرم سے متعلق کوئی عینی شاہد موجود نہیں۔

عدالت نے مزید کہا کہ مقدمے میں ملزمان کا مخصوص کردار بھی واضح نہیں کیا گیا، جس کی بنیاد پر عدالت نے 6 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ کراچی کے زمان ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔