119
کراچی میں مبینہ غلط کینولا لگنے سے بچے کا ہاتھ ضائع، ڈاکٹرز اور عملہ تاحال گرفتار نہ ہوسکا
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مبینہ طور پر غلط کینولا لگنے کے باعث بچے کا ہاتھ ضائع ہونے کے معاملے میں نامزد ڈاکٹرز اور اسپتال کے عملے کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود نامزد ڈاکٹرز اور عملے کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی،…
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مبینہ طور پر غلط کینولا لگنے کے باعث بچے کا ہاتھ ضائع ہونے کے معاملے میں نامزد ڈاکٹرز اور اسپتال کے عملے کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود نامزد ڈاکٹرز اور عملے کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کو خط ارسال کردیا گیا ہے تاکہ طبی غفلت کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
پولیس کے مطابق بچے کو ابتدائی طور پر ایک فلاحی اسپتال میں کینولا لگایا گیا تھا۔ چار روز بعد جب والدین بچے کا کینولا نکلوانے کے لیے اسپتال پہنچے تو اس کے ہاتھ میں انفیکشن موجود تھا۔
پولیس حکام کے مطابق والدین بچے کو اپنی مرضی سے جناح اسپتال لے گئے، جہاں ان کے بقول طبی عملے نے بتایا کہ انفیکشن کینولا لگنے کے باعث پھیلا ہے۔
بعد ازاں بچے کو اورنگی ٹاؤن کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں مبینہ طور پر انفیکشن کے باعث بچے کا ہاتھ کاٹنا پڑا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی تحقیقات اور رپورٹ سامنے آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








