1 رَبيع الثاني / September 12

بالی ووڈ کی معروف فلم ساز اور کوریوگرافر فرح خان نے اداکار اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربے کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فرح خان نے بتایا کہ ایک وقت ایسا تھا جب اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہوگیا تھا۔ ان کے مطابق اداکار اس دور میں اتنے چڑچڑے مزاج کے تھے کہ کھڑے ہونا بھی پسند نہیں کرتے تھے۔

فرح خان نے بتایا کہ انہوں نے اکشے کھنہ کے ساتھ ’ڈولی سجا کے رکھنا‘، ’لاوارث‘ اور دیگر فلموں میں کام کیا۔ ان کے مطابق ایک موقع پر انہوں نے فیصلہ کیا کہ اگر کوئی گانا اکشے کھنہ پر فلمایا گیا تو وہ اس کی کوریوگرافی نہیں کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں فلم ’دل چاہتا ہے‘ میں انہیں ایک بار پھر اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنا پڑا، جس کی ہدایت کاری فرحان اختر نے کی تھی۔

فرح خان کے مطابق ’دل چاہتا ہے‘ کے بعد اکشے کھنہ کے رویے میں واضح تبدیلی آئی اور بعد میں فلم ’تیس مار خان‘ کے دوران بھی ان کے ساتھ کام کا تجربہ اچھا رہا۔

انہوں نے اکشے کھنہ کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ دراصل بہت اچھے ڈانسر ہیں، تاہم فرح خان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے فنکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرتیں جو انہیں پریشان کریں۔

واضح رہے کہ اکشے کھنہ ماضی میں اپنے بعض انٹرویوز میں خود بھی اعتراف کرچکے ہیں کہ ان کے کیریئر کے ایک دور میں ان کے ساتھ کام کرنا آسان نہیں تھا۔