29 صَفَر / August 12

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کے معمار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس سال نوجوانوں کا عالمی دن ’’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، تاہم بہتر مستقبل کے خواب، امنگیں اور خواہشات سب کی یکساں ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان ملک کا انمول اثاثہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے لیے ضروری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل نے زندگی کے مختلف شعبوں میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے تمام دستیاب قومی وسائل کا استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرکے ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد مزید مضبوط کی جائے گی۔