29 صَفَر / August 12

کراچی: میر رضا قتل کیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم کئی روز گزرنے کے باعث پولیس کو جیو فینسنگ کے عمل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ پہاڑی کے قریب واقع ہے، جہاں پولیس نے جیو فینسنگ کروائی ہے۔ جائے وقوعہ کے اطراف تین مختلف موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جیو فینسنگ کے دوران گلستانِ جوہر کے مختلف بلاکس کی لوکیشنز سامنے آ رہی ہیں، تاہم واقعے کو کئی روز گزرنے کے باعث مطلوبہ ڈیٹا کی چھان بین میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف سے مختلف شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں، جبکہ تقریباً 500 میٹر کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ نئی تحقیقاتی کمیٹی نے میر رضا کی اسمارٹ واچ کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں اور اب اس کا مکمل ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے کیس کی تفتیش میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔