25 صَفَر / August 08

واشنگٹن: امریکی شہر واشنگٹن میں پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے تربیت یافتہ پولیس کتے (K-9) کی مدد حاصل کی، جس نے گاڑی کی کھڑکی سے اندر کود کر ملزم کو قابو کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق پولیس تقریباً 40 منٹ تک ملزم کو گاڑی سے باہر نکالنے کی کوشش کرتی رہی، تاہم مختلف حکمت عملی اختیار کرنے کے باوجود ملزم نے گرفتاری نہیں دی۔

بعد ازاں پولیس نے تربیت یافتہ کتے کو گاڑی کی جانب روانہ کیا، جو کھڑکی کے ذریعے گاڑی کے اندر داخل ہوا اور ملزم کو قابو میں لے لیا، جس کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت برینڈن ویلز کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف پولیس سے فرار ہونے کی کوشش، نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور گرفتاری میں مزاحمت کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا آغاز اس وقت کیا گیا جب شہریوں کی جانب سے ملزم کی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں۔