25 صَفَر / August 08

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پینٹاگون کے اسلحہ اور گولہ بارود کے ذخائر سے متعلق مبینہ خفیہ معلومات افشا ہونے کے معاملے پر فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ایران جنگ کے تناظر میں امریکی اسلحہ ذخائر میں کمی سے متعلق میڈیا رپورٹس سامنے آنے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

وائٹ ہاؤس نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امریکا کے پاس کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے وافر مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود ہے، تاہم قومی سلامتی سے متعلق حساس معلومات افشا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض اقسام کا گولہ بارود دیگر کے مقابلے میں زیادہ دستیاب ہے، تاہم مجموعی طور پر امریکا دفاعی لحاظ سے مضبوط پوزیشن میں ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا کے پاس اسلحے اور گولہ بارود کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جبکہ حساس معلومات کے افشا ہونے کے ذمہ دار عناصر کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری رہیں گی۔