23 صَفَر / August 06

نئی دہلی: بھارت نے سابق بنگلا دیشی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی مجوزہ ورچوئل تقریب اور خطاب کے انعقاد میں کسی بھی سرکاری کردار کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس پروگرام کا بھارتی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ مذکورہ تقریب کا اہتمام ایک نجی میڈیا ادارہ کر رہا ہے اور حکومت نہ تو اس کے انعقاد میں شریک ہے اور نہ ہی وہاں پیش کیے جانے والے خیالات کی توثیق کرتی ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں حکام نے مقامی میڈیا کو شیخ حسینہ کے خطاب کی کوریج سے روک دیا ہے۔

یاد رہے کہ شیخ حسینہ 2024ء میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد حکومت کے خاتمے کے نتیجے میں نئی دہلی منتقل ہو گئی تھیں، جہاں وہ خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق 2025ء میں انہیں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے سلسلے میں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں سزائے موت سنائی گئی تھی، تاہم شیخ حسینہ نے اس فیصلے کو قانونی حیثیت سے محروم قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ حسینہ آج نئی دہلی میں فارن کورسپانڈنٹس کلب آف ساؤتھ ایشیاء کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گی، جس میں ان کے صاحبزادے سجیب واجد جوئے سمیت دیگر مقررین بھی شرکت کریں گے۔

متعلقہ خبریں