17 صَفَر / July 31

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اپنی مکمل فٹنس بحال ہونے کی خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دوبارہ بھرپور ٹریننگ اور بیٹنگ کا آغاز کر چکے ہیں، جبکہ ان کی تمام تر توجہ 2027 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی تیاریوں پر مرکوز ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ گزشتہ دو سے تین ماہ کے دوران لگائے گئے تربیتی کیمپ سے کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں پر کام کرنے کا بہترین موقع ملا۔ ان کے مطابق اکیڈمی میں ان تکنیکی اور فٹنس سے متعلق مسائل پر خصوصی توجہ دی گئی جن پر میچز کے دوران کام کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ کیمپ کے دوران کئی ایسے نوجوان کھلاڑی سامنے آئے جو پہلے قومی ٹیم کی مینجمنٹ کی نظروں میں نہیں تھے، تاہم اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر کے انہوں نے مستقبل کے لیے مضبوط امیدوار ہونے کا ثبوت دیا۔

فخر زمان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم اس وقت مشکل مرحلے سے گزر رہی ہے، لیکن ہر ٹیم پر ایسا وقت آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز باصلاحیت ہیں اور ٹیم مستقبل میں بہتر نتائج دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اپنی فٹنس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں، بیٹنگ کی پریکٹس بھی شروع کر دی ہے اور آئندہ نیشنل چیمپئنز کپ کے ذریعے دوبارہ مسابقتی کرکٹ میں واپسی کریں گے۔

نوجوان کھلاڑیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ صرف پی ایس ایل کے ایک یا دو میچز میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو غیر معمولی قرار نہیں دینا چاہیے۔ ان کے مطابق قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے مستقل مزاجی، معیار اور ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیٹنگ آرڈر سے متعلق ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے، تاہم بعض معاملات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کو اپنی ذاتی ترجیح پر مقدم رکھتے ہیں۔

فخر زمان نے جنوبی افریقا میں کھیلنے کی اپنی خوشگوار یادوں کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کی باؤنسی وکٹیں ان کی بیٹنگ تکنیک کے لیے موزوں ہیں، اسی لیے وہ 2027 کے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔