16 صَفَر / July 30

اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 5 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے قرض کی مدت میں توسیع (رول اوور) کر دی ہے، جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں عارضی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ قرض سعودی عرب نے پاکستان کو متحدہ عرب امارات کو واجب الادا ادائیگیوں میں معاونت فراہم کرنے کے لیے دیا تھا، جس کی مدت اب مزید بڑھا دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ قرض ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے فراہم کیا گیا تھا، تاہم پاکستان کی مالی ضروریات کے پیشِ نظر سعودی حکومت نے اس کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق قرض کی مدت میں توسیع سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا اور بیرونی مالی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔

تاہم حکومتِ پاکستان اور سعودی حکام کی جانب سے قرض کی نئی مدت یا دیگر شرائط سے متعلق باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔