24 ذوالحجة / June 20

"چھوٹے قد کی وجہ سے نروس تھا، لیکن حسِ مزاح نے سہارا دیا” — عامر خان

ممبئی — بالی ووڈ کے مشہور اداکار عامر خان نے اپنے فلمی کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے لیے سب سے بڑی ذہنی رکاوٹ ان کا قد تھا، جس کی وجہ سے وہ خود کو دوسروں سے کمتر محسوس کرتے تھے۔

60 سالہ اداکار نے اپنی آنے والی فلم "ستارے زمین پر” کے ٹریلر کی ریلیز کے موقع پر ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو میں اس بات کا انکشاف کیا۔ ٹریلر میں ایک منظر ایسا بھی ہے جہاں فلم میں ان کی والدہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ انھیں "ٹنگو” یعنی چھوٹے قد والا کہہ کر بلاتی ہیں۔

عامر خان نے بتایا کہ:

"فلمی دنیا میں جب میں آیا تو امیتابھ بچن، ونود کھنہ اور شتروگھن سنہا جیسے بلند قامت اداکار چھائے ہوئے تھے۔ امیتابھ بچن کا قد چھ فٹ سے زیادہ تھا۔ میں خود کو ان کے مقابلے میں کم تر محسوس کرتا تھا اور سوچتا رہتا تھا کہ چھوٹے قد والے اداکار کی کچھ دال گلے گی بھی یا نہیں؟”

تاہم، عامر خان نے کہا کہ وقت کے ساتھ انھوں نے اپنے اندر خود پر ہنسنے اور اپنی کمزوریوں کو قبول کرنے کی صلاحیت پیدا کر لی۔

ان کا کہنا تھا کہ:

"جاوید صاحب نے ایک بار کہا تھا کہ مزاح محض تفریح نہیں، بلکہ مشکل وقت میں ایک طاقت بن جاتا ہے۔ میں اس بات سے پوری طرح متفق ہوں۔ اگر آپ کے پاس حسِ مزاح ہے، تو آپ دکھوں اور پریشانیوں کو جذب کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ میرے اندر یہ صلاحیت ہمیشہ سے رہی ہے اور یہی اس فلم کا ایک اہم پہلو بھی ہے۔”

عامر خان نے تسلیم کیا کہ وہ شروع میں نہ صرف اپنی قدوقامت کے حوالے سے پریشان تھے بلکہ بالی ووڈ کے معیار پر پورا اترنے کے لیے بھی دباؤ محسوس کرتے تھے۔ مگر آج، اپنے کیریئر کے اس مقام پر، وہ ان تمام خدشات پر مسکرا کر نظر ڈالتے ہیں اور خود پر ہنسنے سے بھی نہیں کتراتے۔

"ستارے زمین پر” عامر خان کی بطور ہدایت کار واپسی کی ایک اور کوشش ہے، اور اس بار بھی وہ ناظرین کے لیے ایک سنجیدہ مگر دل کو چھو لینے والا پیغام لانے کا وعدہ کر رہے ہیں۔