7 جُمادى الآخرة / November 17

نور میڈیا | قومی خبریں

پاکستان اور ترکمانستان نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور نقل و حمل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ راشد میردوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جبکہ عوامی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ بین الحکومتی کمیشن دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے اہم فورم ہے۔ کمیشن کے اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس موقع پر ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ راشد میردوف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی قیادت کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔