7 جُمادى الآخرة / November 17

نور میڈیا | موسم کی خبریں

کراچی میں موسم ٹھنڈا ہونے کی توقعات کے باوجود درجۂ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے، جس کی وجہ خلیج بنگال میں سمندری طوفان کی تشکیل بتائی جا رہی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان بننے کے باعث کراچی میں خنک ہواؤں کی شدت میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں دن اور رات کے درجۂ حرارت میں متوقع کمی نہیں ہو سکی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’اکوان‘ سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ طوفان 20 نومبر کو بھارتی ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ چند روز کے دوران دن کا درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ رات کا درجۂ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔