22 جُمادى الأولى / November 02

نور میڈیا | شوبز نیوز

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے اپنی 61ویں سالگرہ کے موقع پر مداحوں کی محبت اور نیک تمناؤں کے جواب میں ہاتھ سے لکھا خصوصی پیغام جاری کردیا۔

ہر سال سالگرہ کے موقع پر شاہ رخ خان کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ ’منت‘ کی بالکونی میں آکر مداحوں کو ہاتھ ہلانے کی روایت رہی ہے، تاہم رواں سال گھر کی تزئین و آرائش کے باعث وہ بالکونی میں نظر نہیں آئے۔

اس کے باوجود بڑی تعداد میں مداح آدھی رات کو اپنے پسندیدہ اداکار کو سالگرہ کی مبارک باد دینے کے لیے ’منت‘ کے باہر جمع ہوئے۔ شاہ رخ خان نے ان کی محبت کا جواب ایک خصوصی تحریری پیغام کے ذریعے دیا۔

رہائش گاہ کے باہر نصب بڑے بل بورڈ پر اداکار کا پیغام درج تھا، جس میں انہوں نے مداحوں کی محبت اور نیک خواہشات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سب کے لیے ڈھیروں محبت اور ایک بڑی سی جپھی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر شاہ رخ خان کی آنے والی فلم ’کنگ‘ کی تشہیری تصاویر اور فلم کے دو ڈائیلاگ، ’کنگ اکیلا کافی ہے‘ اور ’ڈر نہیں، دہشت ہوں‘ بھی نمایاں تھے۔

واضح رہے کہ ہدایت کار سدھارتھ آنند کی فلم ’کنگ‘ کی ریلیز 24 دسمبر 2026ء کو شیڈول ہے، جو کرسمس کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔