27 رَبيع الأوّل / September 09

کوٹری اسٹیشن کے قریب کوئلے سے بھری مال گاڑی کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے باعث ریلوے ٹریک متاثر ہوگیا۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا، جس کے بعد اپ ٹریک مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے، جبکہ ڈاؤن ٹریک سے ٹرینوں کی آمد و رفت جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے تاکہ ٹرینوں کی آمد و رفت معمول پر لائی جا سکے۔

ریلوے حکام کے مطابق مال بردار ٹرین کراچی سے کوئلہ لے کر یوسف والا جا رہی تھی کہ کوٹری اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی کوٹری اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی حادثے کا شکار ہوئی تھی۔