15 جُمادى الأولى / October 26

نور میڈیا | اہم عالمی خبر

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ تہران میں چار فریقی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے حالیہ دورۂ تہران کے دوران پیش کی تھی۔

پریس بریفنگ میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران آج چار فریقی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، جس میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے حکام شریک ہیں۔ ان کے مطابق یہ ملاقات مشترکہ مفادات کی بنیاد پر علاقائی سلامتی کے نظام میں تعاون بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔

اسرائیلی پالیسیوں اور علاقائی سلامتی پر بات چیت

اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسرائیلی انتخابات کے نتائج ایران کے لیے اہمیت نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق اجلاس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں اور ایران کے خلاف امریکی جنگ سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

قطر کی ثالثی اور علاقائی تعاون پر زور

ایرانی ترجمان نے بتایا کہ قطری وفد نے گزشتہ روز تہران کا دورہ کیا، جو علاقائی ممالک کے ساتھ جاری مذاکرات اور قطر کی ثالثی کے تحت کیا گیا۔

اسماعیل بقائی کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیرپا استحکام اسی وقت ممکن ہے جب خطے کے ممالک کی داخلی صلاحیتوں، مرضی اور سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے۔