15 جُمادى الأولى / October 26

دنیا کا ہر بولر چھکے کھاتا ہے، تنقید سے فرق نہیں پڑتا: حارث رؤف

پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنی بولنگ پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر کے بولرز کو چھکے پڑتے ہیں، وہ ماضی میں بھی تنقید سے نہیں گھبرائے اور آئندہ بھی خوف زدہ نہیں ہوں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ تنقید سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، وہ اپنے کھیل میں بہتری کے لیے محنت جاری رکھیں گے اور ان شاء اللہ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کے ساتھ اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے قومی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ تینوں کا بنیادی مقصد مخالف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنا اور پاکستان کو کامیابی دلانا ہے۔ ان کے مطابق ٹیم کے کھلاڑی ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی کی موجودگی بولنگ اٹیک کے لیے فائدہ مند ہے۔

حارث رؤف نے سہ ملکی سیریز میں ٹیم کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنا مثبت پیش رفت ہے، تاہم جدید کرکٹ میں ٹیموں کو 350 یا اس سے زیادہ رنز بنانے اور ان کا دفاع کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہوگی۔

انہوں نے مڈل اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بیٹنگ کا انداز تبدیل ہو چکا ہے، اس لیے بولرز کو بھی اپنی حکمت عملی بہتر بنانا ہوگی۔

قومی فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ تیز رفتار بولنگ جدید کرکٹ میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور وہ اپنی فٹنس اور رفتار بہتر بنانے کے لیے محنت جاری رکھیں گے تاکہ آئندہ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔