0
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کا عزم، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھنے کا فیصلہ
صوبائی اپیکس کمیٹی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید آلات، اسلحہ اور ضروری وسائل فراہم کرنے پر بھی اتفاق…
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور میں منعقدہ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں پولیس کو بکتر بند گاڑیاں، دیگر ضروری گاڑیاں اور مطلوبہ نفری فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے۔ پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ضروری سہولتوں اور وسائل کی فراہمی کو بھی اہم قرار دیا گیا۔
صوبائی اپیکس کمیٹی نے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تعلیم، صحت اور معیارِ زندگی میں بہتری کے اقدامات پر زور دیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پسماندہ اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی بہتری بھی صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اہم ہے۔














