15 جُمادى الآخرة / November 25

نور میڈیا | اسپورٹس نیوز

پاکستانی فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے ننھے بیٹے آلیار نے پی ایس ایل 12 کے لیے ٹیم میں نئے کھلاڑی کی شمولیت کا اعلان اپنے معصومانہ انداز میں کرکے سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے۔

لاہور قلندرز نے سری لنکن آل راؤنڈر کامندو مینڈس کو پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن کے لیے براہِ راست سائن کرنے کا اعلان ایک دلچسپ ویڈیو کے ذریعے کیا۔

ویڈیو میں شاہین آفریدی اور ٹیم کے مالک ثمین رانا ٹیم سلیکشن پر گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ اسی دوران شاہین نے اپنے بیٹے آلیار کو بلایا اور نئے کھلاڑی کا نام بتانے کو کہا۔ ہاتھ میں سبز گیند تھامے آلیار نے معصومیت سے صرف ایک لفظ ’’کامندو‘‘ کہا، جس پر شاہین آفریدی مسکرا دیے۔

شاہین آفریدی کے مطابق گزشتہ سیزن میں مڈل آرڈر کی کمزوری سامنے آنے کے بعد ٹیم کو اس شعبے میں مضبوطی لانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ کامندو مینڈس بیٹنگ کے ساتھ دائیں اور بائیں دونوں ہاتھوں سے اسپن بولنگ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔