7 رَبيع الثاني / September 18

بھارتی موسیقار سلیم مرچنٹ نے فلمی موسیقی سے کنارہ کشی کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کووڈ-19 کے دوران انہیں احساس ہوا کہ فلموں کے لیے موسیقی بنانا انہیں پہلے جیسی خوشی نہیں دے رہا۔

ایک انٹرویو میں سلیم مرچنٹ نے بتایا کہ وہ اب فلموں کے لیے گانے ترتیب نہیں دیتے کیونکہ ان کے مطابق یہ عمل اب آرٹ کے بجائے ایک کام کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

موسیقار نے کہا کہ فلمی موسیقی تیار کرنے کے عمل میں اب بہت سے افراد شامل ہوتے ہیں، جس کے باعث بعض اوقات فن کا بنیادی تصور متاثر ہو جاتا ہے۔ ان کے مطابق پہلے معاملہ زیادہ تر ہدایت کار تک محدود ہوتا تھا، تاہم اب پروڈیوسر، ریکارڈ لیبل، اداکار اور بعض اوقات اسٹریمنگ پلیٹ فارمز بھی اس عمل کا حصہ بن جاتے ہیں۔

سلیم مرچنٹ کے مطابق اس طویل اور پیچیدہ عمل کے اختتام تک موسیقی اپنی اصل روح سے دور ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 6 برس کے دوران انہوں نے کسی فلم کے لیے موسیقی ترتیب نہیں دی۔

سلیم مرچنٹ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بعض مداحوں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر گلوکار اریجیت سنگھ کے فلمی موسیقی سے متعلق فیصلے کی وجوہات بھی کچھ ایسی ہی ہو سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں گلوکار اریجیت سنگھ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ انہوں نے گلوکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ نئے پراجیکٹس قبول نہیں کریں گے، تاہم زیرِ تکمیل منصوبوں کو مکمل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

اریجیت سنگھ کے اس فیصلے کی اصل وجہ ان کی جانب سے واضح طور پر بیان نہیں کی گئی۔ تاہم سلیم مرچنٹ کے حالیہ بیان کے بعد مداحوں کی جانب سے دونوں معاملات کے درمیان ممکنہ تعلق پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

تاحال ایسی کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی کہ اریجیت سنگھ نے بھی فلمی موسیقی کے اسی عمل یا وجوہات کی بنا پر گلوکاری سے کنارہ کشی کا فیصلہ کیا۔