4 رَبيع الثاني / September 15

ٹورنٹو: معروف ہالی ووڈ اداکارہ ہیلن میرن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ صحت سے متعلق معلومات اور مشوروں کے لیے بعض اوقات ڈاکٹر سے رجوع کرنے کے بجائے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے مدد لیتی ہیں۔

81 سالہ اداکارہ نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران اپنی نئی فلم ’اے ٹیلنٹ فار مرڈر‘ کی تشہیری تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صحت کے معاملے میں اپنے بعض ساتھی اداکاروں کے مقابلے میں زیادہ فکر مند نہیں رہتیں۔

ہیلن میرن کے مطابق وہ ڈاکٹرز کے پاس جانے سے حتی الامکان گریز کرتی ہیں اور جب صحت سے متعلق کوئی سوال درپیش ہو تو اے آئی سے معلومات حاصل کر لیتی ہیں۔

اداکارہ نے مصنوعی ذہانت کو حیرت انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صحت سے متعلق معمولی نوعیت کے سوالات اور مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

ہیلن میرن نے اپنی صحت برقرار رکھنے کے لیے متوازن غذا اور باقاعدگی سے ورزش کو بھی اہم قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کینیڈین ایئر فورس سے منسوب ’ایکس بی ایکس‘ ورزش کا معمول تقریباً 60 برس سے اپنائے ہوئے ہیں، جس میں روزانہ تقریباً 12 منٹ صرف ہوتے ہیں۔

طبی ماہرین عمومی طور پر صحت سے متعلق اہم یا سنگین مسائل میں مصنوعی ذہانت کو ڈاکٹر کا متبادل سمجھنے کے بجائے اسے صرف معلوماتی معاون کے طور پر استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اے آئی سے حاصل ہونے والی معلومات میں غلطی یا نامکمل معلومات کا امکان موجود ہو سکتا ہے، اس لیے بیماری کی تشخیص، ادویات کے استعمال یا علاج سے متعلق اہم فیصلوں کے لیے مستند طبی ماہر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔