2 رَبيع الأوّل / August 15

انڈونیشیا میں ہفتے کی علی الصبح آنے والے 7.7 شدت کے شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں و زخمیوں کی موجودہ تعداد ابتدائی ہے، جس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایک مقامی امدادی کارکن نے دعویٰ کیا ہے کہ زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 تک پہنچ چکی ہے، تاہم سرکاری طور پر اب تک 14 اموات کی تصدیق کی گئی ہے۔

شدید زلزلے کے بعد درجنوں آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔

انڈونیشیا کی محکمہ موسمیات و جیو فزکس ایجنسی کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح تقریباً 5 بجے جزیرے فلوریس میں آیا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 15 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

ماؤمیرے بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انٹرآئی لینڈ فیری پر سوار ہونے کے منتظر مسافروں کے قریب ٹرمینل کی عمارت سے کنکریٹ کے بڑے ٹکڑے گر رہے ہیں۔

زلزلے کے باعث جہاز تک پہنچنے والا گینگ وے بھی منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں بعض افراد کے سمندر میں گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

حکام اور امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔