2 رَبيع الأوّل / August 15

آبنائے ہرمز: برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کو آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار جہاز کو نامعلوم شے سے نشانہ بنائے جانے کی تصدیق شدہ رپورٹ موصول ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک بلک کیریئر جہاز کو نامعلوم شے کے حملے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں جہاز کے ہل (Hull) کو نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ ہے، تاہم جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی نوعیت اور شدت کا مکمل جائزہ تاحال سامنے نہیں آیا۔

UKMTO کے مطابق واقعے کے ممکنہ ماحولیاتی اثرات سے متعلق بھی فی الحال کوئی تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جائے۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ حملے میں استعمال ہونے والی نامعلوم شے اور اس کے ذمہ داروں سے متعلق تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئی۔