2 رَبيع الأوّل / August 15

افغان طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بی بی سی پشتو کو دیے گئے انٹرویو میں امیر خان متقی نے کہا کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر متعدد کوششوں کے باوجود وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تناؤ سے کیا حاصل کرنا چاہتا ہے۔

طالبان حکومت کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان نے بارہا کوشش کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود اختلافات اور کشیدگی کو سمجھا اور حل کیا جا سکے، تاہم ان کے بقول پاکستان کے مؤقف سے متعلق اب بھی کئی سوالات موجود ہیں۔

امیر خان متقی نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں موجود تناؤ کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کابل اسلام آباد کے ساتھ بہتر تعلقات اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی معاملات، سیکیورٹی اور دیگر امور پر گزشتہ کچھ عرصے سے کشیدگی پائی جاتی ہے، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر مختلف الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔