118
پاکستان نظریاتی پارٹی کا ملک میں مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ
اسلام آباد: پاکستان نظریاتی پارٹی نے ملک میں مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر ملک نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے…
اسلام آباد: پاکستان نظریاتی پارٹی نے ملک میں مزید صوبوں کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔
اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے چیئرمین شہیر حیدر ملک نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث ایک بڑے صوبے کا مؤثر انتظام مشکل ہو چکا ہے، لہٰذا عوام کو بہتر طرزِ حکمرانی، بنیادی سہولیات اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیم تعمیر کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کالا باغ ڈیم بروقت تعمیر ہو جاتا تو آج پاکستان کو پانی اور سیلاب سے متعلق کئی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
چیئرمین شہیر حیدر ملک نے اپنی سیاسی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تنقید کی اور کہا کہ موجودہ نظام عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو قومی سیاست، پالیسی سازی اور فیصلہ سازی میں زیادہ مواقع دینے پر زور دیا۔
انہوں نے یہ تجویز بھی پیش کی کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز سے کاٹیج انڈسٹریز قائم کی جائیں تاکہ ہر گھر کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
پارٹی قیادت نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نظریاتی پارٹی نوجوانوں کی نمائندہ جماعت ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مثبت تبدیلی، شفاف حکمرانی اور قومی ترقی کے لیے پارٹی کے وژن کا ساتھ دیں۔








