21 صَفَر / August 04

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے پولیس کی لازوال قربانیاں قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور قوم انہیں ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھے گی۔

اپنے جاری کردہ بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کے شہداء ملک کے حقیقی ہیروز ہیں، جنہوں نے وطن کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس فورس نے غیر معمولی جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیاں پاکستان کے امن اور قومی سلامتی کی ضمانت ہیں، جبکہ پولیس افسران اور جوانوں کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پولیس فورس کی فلاح و بہبود، استعداد کار میں اضافے اور شہداء کے اہلِ خانہ کی ہر ممکن معاونت کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں