116
چین سے ایران کو جدید فضائی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ جلد ملنے کا امکان، برطانوی میڈیا
تہران / بیجنگ: برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو آئندہ چند ہفتوں کے دوران چین سے جدید فضائی دفاعی میزائل نظام (MANPADS) کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان ہے، جس کا مقصد ملک کے فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق معاملے…
تہران / بیجنگ: برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کو آئندہ چند ہفتوں کے دوران چین سے جدید فضائی دفاعی میزائل نظام (MANPADS) کی پہلی کھیپ موصول ہونے کا امکان ہے، جس کا مقصد ملک کے فضائی دفاع کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق معاملے سے واقف تین ذرائع نے بتایا ہے کہ ایران کو چین میں تیار کردہ کندھے پر رکھ کر فائر کیے جانے والے فضائی دفاعی میزائل نظام کی پہلی کھیپ جلد فراہم کی جا سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں ایران اپنے قلیل فاصلے کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے، اور یہ معاہدہ اسی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس معاہدے کی مالیت تقریباً 60 سے 70 ملین امریکی ڈالر ہے، جس کے تحت ایران کو 300 سے 400 جدید QW-12 اور FN-16 مین پورٹیبل ایئر ڈیفنس سسٹمز (MANPADS) فراہم کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ تنازع کے آغاز کے بعد ایران کی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے یہ اب تک کی نمایاں کوششوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ ہانگ کانگ میں قائم کمپنی ژونگ چنگ باؤشانگ انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے ذریعے طے پایا، جس نے ایرانی حکام اور چینی سپلائر کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا۔
تاہم ایران، چین یا متعلقہ کمپنی کی جانب سے اس معاہدے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔








