116
ٹرمپ اور نیتن یاہو کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات، ایران کے جوہری پروگرام پر مشترکہ مؤقف کا اعادہ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران کے جوہری پروگرام، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد اسرائیلی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنیامین نیتن یاہو نے مذاکرات کو…
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ایران کے جوہری پروگرام، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد اسرائیلی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنیامین نیتن یاہو نے مذاکرات کو انتہائی مثبت اور کامیاب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل اس بات پر مکمل اتفاق رکھتے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نیتن یاہو کے مطابق ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری اور قریبی تعاون کی عکاس تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں دونوں حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، جہاں اسرائیل کی سلامتی، خطے کی صورتحال اور آئندہ مشترکہ اقدامات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ملاقات کو "انتہائی اچھی” قرار دیا۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی کانگریس کے اراکین کے ساتھ متعدد اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر تعمیری گفتگو ہوئی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ملاقات تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام، سکیورٹی تعاون اور مستقبل کی مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ منصب سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ آمنے سامنے ہونے والی آٹھویں ملاقات تھی۔ بنیامین نیتن یاہو منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق 10 بج کر 57 منٹ پر وائٹ ہاؤس کے ویسٹ وِنگ پہنچے تھے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔








