5 مُحَرَّم / June 30

خطے میں کشیدگی میں کمی، عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 9 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ تیل 70 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 7.22 فیصد کم ہو کر 68.51 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا آغاز ہو چکا ہے اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بھی کھول دی ہیں۔ ٹرمپ نے اس پیش رفت کو مشرق وسطیٰ کے لیے ایک "بڑی کامیابی” قرار دیا۔

ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، جسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق جنگ بندی کے اعلان کے بعد خطے میں کشیدگی کم ہونے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر فوری اثر پڑا، اور سرمایہ کاروں میں اعتماد بحال ہوا ہے۔