24 ذوالحجة / June 20

ایران کا اسرائیل پر میزائل حملہ، متعدد علاقے متاثر، 5 افراد زخمی

ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل داغے ہیں، جس کے نتیجے میں جنوبی اسرائیل کے شہر بیر شیبع، دیمونا، بئر سبع اور مضافاتی علاقوں میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملے میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغے گئے، جن کی نشاندہی تو کی گئی تھی مگر اسرائیلی فضائی دفاعی نظام انہیں روکنے میں ناکام رہا۔

اسرائیلی میڈیا نے بیر شیبع میں ہونے والے حملوں کی ویڈیوز جاری کی ہیں، جن میں میزائلوں کے اپارٹمنٹ بلاکس کے قریب گرنے کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ان حملوں سے آس پاس کے گھروں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

ادھر ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دیمونا میں واقع اسرائیل کے ایٹمی ری ایکٹر کو بھی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل صہیونی فورسز کی جانب سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کے رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے میں جس گھر کو نشانہ بنایا گیا وہ پاسداران انقلاب کے ایک سینئر افسر کی رہائش گاہ تھی۔