24 ذوالحجة / June 20

ایران کے تازہ میزائل حملوں پر اسرائیلی وزیرِ اعظم کا شدید ردعمل

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایران کے حالیہ میزائل حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حملوں کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے جان بوجھ کر جنوبی اسرائیل میں ساروکا اسپتال سمیت شہری علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ "ایرانی ظالموں کو اسپتال پر حملے کی سنگین قیمت ادا کرنا ہوگی۔” ان کے مطابق ایرانی میزائلوں نے ساروکا اسپتال اور وسطی اسرائیل کے دیگر شہری مقامات کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران نے آج صبح اسرائیل پر تازہ حملے کیے جو حالیہ حملوں کی نسبت کہیں زیادہ شدید تھے۔ اطلاعات کے مطابق کم از کم چھ مختلف مقامات پر میزائل گرے ہیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں متعدد مقامات پر شدید نقصان پہنچا ہے اور بیس سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایرانی میزائلوں نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جن میں جنوبی اسرائیل کا ساروکا اسپتال بھی شامل ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق حملے سے اسپتال کے کئی حصے متاثر ہوئے ہیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے حملوں کا ہدف اسرائیلی فوجی کمان، انٹیلیجنس ہیڈکوارٹرز اور انٹیلیجنس کیمپ تھے۔ ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے حملے فوجی تنصیبات کے خلاف تھے نہ کہ شہری مقامات کے خلاف۔

حملوں کے بعد اسرائیلی حکومت اور فوج نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔