24 ذوالحجة / June 20

جی سیون کا ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر اظہارِ تشویش، خطے میں استحکام پر زور

جی سیون ممالک نے مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو خطے میں عدم استحکام کا باعث قرار دیا ہے جبکہ اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق جی سیون کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہمارا مؤقف واضح ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور ہم اس کی سلامتی کے عزم کی حمایت کرتے ہیں۔”

بیان میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ عالمی توانائی منڈیوں پر ممکنہ اثرات کے پیش نظر جی سیون ممالک صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

جی سیون نے ایران سے متعلق جاری بحران کے پرامن حل، غزہ میں جنگ بندی اور شہریوں کے تحفظ کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیا ہے۔