24 ذوالحجة / June 20

ایران کا اسرائیل کا ایک اور ایف 35 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کا ایک اور جدید ایف 35 جنگی طیارہ مار گرایا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق حالیہ میزائل حملوں کے دوران اسرائیلی فضائیہ کا یہ طیارہ نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے اس دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق گزشتہ جمعے سے اب تک ایران کے حملوں میں 24 اسرائیلی ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایران نے اسرائیل کے تین ایف 35 طیارے مار گرانے اور دو اسرائیلی پائلٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کی اسرائیلی فوج نے تردید کی تھی۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے اسرائیلی ایف 35 طیارے گرائے جانے کے ان دعوؤں کے بعد امریکی دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی ہے۔ یہ کمپنی ان جدید ففتھ جنریشن اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں کی تیاری کرتی ہے جنہیں اسرائیل استعمال کر رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی کے شیئرز کی قیمت میں ایک دن کے دوران تقریباً چار فیصد کمی آئی ہے۔