24 ذوالحجة / June 20

پاکستان کی اسرائیلی حملوں پر شدید مذمت، ایران سے یکجہتی کا اعلان

پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ان حملوں کو خطے کے امن اور عالمی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ سمجھتا ہے۔

وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی اشتعال انگیز کارروائیاں مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں اور ان کے منفی اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر اس جارحیت کو رکوانے کے لیے اقدامات کرے اور عالمی قوانین کی حفاظت کو یقینی بنائے۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ حملہ آور کو اس اقدام پر جوابدہ بنایا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور اسرائیل کی یہ فوجی کارروائیاں ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے کے مترادف ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس پر عالمی برادری کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر زور دیا ہے کہ عالمی ادارے فوری طور پر کردار ادا کریں تاکہ مزید خونریزی اور عدم استحکام کو روکا جا سکے۔