11 ذوالحجة / June 07

اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ای سی او سمٹ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد — پاکستان کے وزیرِ خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بایراموف کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے، جس میں باہمی تعلقات، سفارتی تعاون اور آئندہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے سربراہی اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے آذربائیجان کی حکومت کی جانب سے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور اُن کے وفد کے حالیہ دورۂ باکو کے دوران دی گئی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

ای سی او سربراہی اجلاس پر گفتگو

دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ ای سی او سربراہی اجلاس سے متعلق امور پر تفصیل سے بات چیت کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اجلاس جولائی 2025 کے اوائل میں آذربائیجان میں منعقد ہو گا، جس میں رکن ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔

بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اجلاس کی تیاریوں، ایجنڈے، شرکت کنندگان اور طریقۂ کار سے متعلق نکات پر بھی مشاورت کی۔ اس موقع پر باہمی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا گیا۔

پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان حالیہ برسوں میں دوطرفہ تعلقات میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے، خاص طور پر تجارت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھا ہے۔ دونوں ممالک اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے فعال رکن ہیں، جو خطے میں اقتصادی انضمام اور ترقی کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ رابطہ نہ صرف سفارتی سطح پر تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ ای سی او جیسے علاقائی پلیٹ فارمز کے ذریعے مشترکہ مفادات کو بھی تقویت دے گا۔