24 ذوالحجة / June 20

افغانستان میں طالبان حکومت نے رہائشی عمارتوں میں ایسی کھڑکیوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی ہے جو پڑوسی گھروں کی طرف کھلتی ہوں۔ طالبان رہنما ہیبت اللہ اخوند زادہ کے جاری کردہ نئے فرمان کے تحت پہلے سے موجود عمارتوں میں بھی ایسی کھڑکیاں بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق نئی عمارتوں میں ایسی کھڑکیاں تعمیر نہیں کی جا سکتیں جن سے پڑوسیوں کے صحن، باورچی خانے، یا وہ مقامات نظر آئیں جنہیں خواتین استعمال کرتی ہیں۔ یہ اقدام خواتین کی نجی زندگی کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔

حکم نامے میں بلدیاتی حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور نئی عمارتوں میں ان احکامات کی خلاف ورزی نہ ہونے دیں۔

طالبان حکومت نے مزید واضح کیا ہے کہ یہ اصول ماضی میں بنائی گئی عمارتوں پر بھی لاگو ہوں گے، اور مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں کو ان نئے قوانین کے مطابق ڈھالیں۔

یہ فیصلہ طالبان حکومت کی جانب سے افغان معاشرتی اقدار کے تحفظ اور روایات کی پاسداری کے لیے کیا گیا ہے، تاہم اس پر عوامی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔