15 جُمادى الأولى / October 26

ایران کا ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا اعلان، سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھنے پر زور

ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے اور اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے تیار ہے، تاہم تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے دروازے بھی کھلے رکھے گا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کی میز نہیں چھوڑی اور نہ ہی سفارت کاری کا راستہ بند کیا ہے۔

اسماعیل بقائی کے مطابق، ایران اپنی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔

ایرانی ترجمان نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن یک طرفہ مطالبات پر اصرار کر رہا ہے، جن میں ایران سے مکمل طور پر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ایرانی ایسے مطالبے کو قبول نہیں کرے گا۔

انہوں نے یورپی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ تنازع میں امریکا کا ساتھ دینے کے بجائے آزادانہ کردار ادا کریں اور سفارتی حل کی کوششوں کو آگے بڑھائیں۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ اہم آبی گزرگاہ محفوظ نہیں، کیونکہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے لیے خطے کو استعمال کر رہے ہیں۔

ایرانی ترجمان کے مطابق، جب تک یہ صورتحال برقرار رہتی ہے، ایران اپنی علاقائی سالمیت، قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔