0
سہ ملکی ون ڈے سیریز: صائم ایوب اسکواڈ سے ریلیز، صاحبزادہ فرحان کی شمولیت متوقع
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کو پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق صائم ایوب نے…
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کو پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے گفتگو کے دوران اسکواڈ سے ریلیز کیے جانے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی بیٹنگ بہتر بنانے پر توجہ دے سکیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی مشاورت کے بعد صائم ایوب کی درخواست منظور کر لی۔ بورڈ نے ان کی موجودہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے کو سراہا ہے۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان کو قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ وہ نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے کھٹمنڈو میں موجود ہیں اور قومی ذمہ داریوں کے لیے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسپنر سفیان مقیم کو بھی سہ ملکی سیریز کے اسکواڈ سے ریلیز کیا گیا تھا، جن کی جگہ معاذ صداقت کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق یہ تبدیلی اسکواڈ میں مزید توازن پیدا کرنے کے لیے کی گئی تھی۔




