15 رَبيع الأوّل / August 28

کوئٹہ: بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے صوبے بھر کے تمام طبی مراکز کے لیے فائر سیفٹی، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور محفوظ انخلاء کے حوالے سے اہم ایڈوائزری جاری کر دی۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق تمام طبی مراکز کے لیے فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں سمیت انخلاء کے تقاضوں پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کمیشن نے تمام طبی مراکز کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے موجودہ انتظامات کا فوری جائزہ لیں اور ضروری اقدامات مکمل کریں۔

ایڈوائزری میں طبی مراکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی اور فعالیت یقینی بنائی جائے، جبکہ فائر الارم سسٹم بھی ہر وقت فعال حالت میں ہونا چاہیے۔

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کے لیے طبی مراکز میں فائر سیفٹی کے انتظامات مؤثر اور قابلِ استعمال ہونا ضروری ہیں۔

ایڈوائزری کے مطابق طبی مراکز میں ہنگامی انخلاء کے راستے واضح، کھلے اور فعال ہونے چاہئیں تاکہ آگ یا کسی دوسری ہنگامی صورتحال کی صورت میں مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کو بحفاظت باہر نکالا جا سکے۔

کمیشن نے طبی مراکز کی انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ فائر سیفٹی اور ایمرجنسی تیاری کے تمام تقاضوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔