8 رَبيع الأوّل / August 21

اسلام آباد: بانیٔ پی ٹی آئی کی شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے عدالتی فیصلے کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں نظرِ ثانی کی درخواست دوبارہ دائر کردی۔

ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے رجسٹرار آفس کے عائد کردہ اعتراضات دور کرنے کے بعد درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔

نظرِ ثانی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی فیصلے میں سقم موجود ہے اور فیصلے میں جیل رولز کو نظر انداز کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی کیس میں حکومت کو فریق نہیں بنایا گیا، اس لیے متفرق درخواست منظور کرکے نظرِ ثانی کی اجازت دی جائے۔

18 اگست کو سپریم کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی کا تمام میڈیکل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے انہیں شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی تھی۔

بعد ازاں وفاقی حکومت نے عدالتی فیصلے کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواست دائر کی تھی۔ چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کا عبوری حکم اختیارِ سماعت سے تجاوز ہے، اس لیے اس پر نظرِ ثانی کی جائے۔

درخواست میں یہ بھی مؤقف اپنایا گیا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو 5 اگست 2023 کو ایڈیشنل سیشن جج نے تین سال قید کی سزا سنائی تھی۔

تاہم 20 اگست کو سپریم کورٹ نے چیف کمشنر اسلام آباد کی نظرِ ثانی درخواست پر اعتراض عائد کرکے اسے واپس کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست کے ساتھ پیپر بکس مکمل نہ ہونے سمیت دیگر اعتراضات عائد کیے گئے تھے۔

بعد ازاں حکومت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے نظرِ ثانی درخواست دوبارہ دائر کردی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے بانیٔ پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل سے شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقلی سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب حفاظتی انتظامات کے تحت اسپتال لے جایا گیا۔

عطاء اللّٰہ تارڑ کے مطابق اسپتال میں ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں نے بانیٔ پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کیا اور انہیں طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔

وفاقی وزیر کے مطابق طبی معائنے کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

Tags