118
نصرت فتح علی خان کی قبر پر قوالی، راحت فتح علی خان نے تنقید کا جواب دے دیا
لاہور: معروف پاکستانی قوال و گلوکار راحت فتح علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر قوالی پیش کرنے کے معاملے پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔ ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین…
لاہور: معروف پاکستانی قوال و گلوکار راحت فتح علی خان نے استاد نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر قوالی پیش کرنے کے معاملے پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔
ایک یوٹیوب شو میں گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا صارفین بعض اوقات محبت کی وجہ سے بھی تنقید کرتے ہیں اور یہ ان کے اظہارِ محبت کا ایک انداز ہے، تاہم ان کے مطابق جو لوگ قوالی اور خاندانی روایات سے واقف نہیں، وہ اس عمل کو مختلف انداز میں دیکھتے ہیں۔
راحت فتح علی خان نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کی روایات اور میراث پر عمل کرتے ہیں۔ ان کے مطابق قوالی ان کے خاندان کی تقریباً 100 سال پرانی روایت ہے اور انہوں نے بھی اسی خاندانی روایت کو آگے بڑھایا ہے، جس پر انہیں کوئی افسوس نہیں۔
گلوکار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبر کے اندر کھڑے ہوکر قوالی نہیں پڑھ رہے تھے بلکہ قبر کے کناروں پر کھڑے تھے اور اس دوران مکمل احترام کا خیال رکھا گیا۔
راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ان کی باڈی لینگویج سے بھی واضح تھا کہ وہ وہاں انتہائی احترام کے ساتھ موجود تھے۔
انہوں نے تنقید پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آتا کہ ان کے اپنے کسی عزیز نے بھی ان کے خلاف اتنی باتیں کیں۔
راحت فتح علی خان نے مزید بتایا کہ قوالی شروع کرنے سے قبل قرآن خوانی اور دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر قوالی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف صارفین کی جانب سے اس پر تنقید کی گئی تھی، جس کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنے مؤقف کی وضاحت کی ہے۔








