118
یورپی یونین کا اسرائیل سے ای ون آبادکاری منصوبہ واپس لینے کا مطالبہ
برسلز: یورپی یونین نے اسرائیل کے مغربی کنارے میں متنازع ای ون آبادکاری منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے منصوبے کا ٹینڈر واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کا کہنا ہے کہ ای ون منصوبے سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاریاں بین الاقوامی قانون کے تحت غیرقانونی ہیں۔…
برسلز: یورپی یونین نے اسرائیل کے مغربی کنارے میں متنازع ای ون آبادکاری منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے اسرائیلی حکومت سے منصوبے کا ٹینڈر واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کا کہنا ہے کہ ای ون منصوبے سمیت مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاریاں بین الاقوامی قانون کے تحت غیرقانونی ہیں۔
یورپی یونین کی جانب سے یہ ردِعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی جانب سے ای ون منصوبے کے لیے تعمیراتی ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز، ناروے اور کینیڈا بھی ایک مشترکہ بیان میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے تعمیراتی ٹینڈرز جاری کرنے کے فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دے چکے ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ نے بھی اسرائیل کے نئے متنازع یہودی آبادکاری منصوبے کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کی مذمت کی تھی۔ برطانوی حکومت نے اس معاملے پر اسرائیلی ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا تھا۔
یورپی یونین اور دیگر مغربی ممالک کا مؤقف ہے کہ مغربی کنارے میں آبادکاری کے منصوبے خطے میں دو ریاستی حل کے امکانات کو مزید متاثر کرسکتے ہیں۔
ای ون منصوبہ طویل عرصے سے فلسطینی ریاست کے قیام اور مغربی کنارے کے جغرافیائی تسلسل کے حوالے سے ایک حساس معاملہ سمجھا جاتا ہے۔








