119
یمن میں سعودی فضائی حملوں کا دعویٰ، مارب اور الجوف سمیت مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات
یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے متعدد فضائی حملے کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ یمنی ٹی وی کے مطابق سعودی طیاروں نے یمن کے صوبوں مارب، الجوف اور تعز میں فضائی حملے کیے۔ رپورٹ کے مطابق الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں…
یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے متعدد فضائی حملے کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
یمنی ٹی وی کے مطابق سعودی طیاروں نے یمن کے صوبوں مارب، الجوف اور تعز میں فضائی حملے کیے۔ رپورٹ کے مطابق الجوف کے ضلع خب والشعف میں 5، مارب کے علاقے صرواح میں 10 جبکہ تعز میں 5 حملے کیے گئے۔
رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ یمن کے صوبہ صعدہ کے سرحدی ضلع غمر میں بھی سعودی فورسز کی جانب سے بمباری کی گئی۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے تاحال ان فضائی حملوں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ادھر سعودی سول ڈیفنس نے بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے الرٹس جاری کیے ہیں۔ سعودی سول ڈیفنس کے مطابق خمیس مشیط میں خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے الرٹس جاری کیے گئے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز سعودی عرب میں یمن کی حوثی جماعت انصار اللہ کے حملوں کے نتیجے میں 73 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
بعد ازاں سعودی قیادت میں قائم اتحادی فورس نے حوثیوں کے حملوں کا سخت جواب دینے کا اعلان کیا تھا۔ اتحادی فورس کے مطابق حوثیوں نے سعودی شہروں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ یمن میں جاری کشیدگی کے باعث سعودی عرب اور حوثی فورسز کے درمیان حملوں اور جوابی کارروائیوں سے خطے میں سیکیورٹی صورتحال مزید حساس ہوگئی ہے۔








