27 رَبيع الأوّل / September 09

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ دو فائر فائٹرز نے انہیں ایک غیر مستحکم عمارت کے قریب سے بحفاظت نکالا تھا۔

وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں خدشہ تھا کہ عمارت ان پر گر سکتی ہے، جس پر دو مضبوط فائر فائٹرز نے انہیں بازوؤں سے پکڑا اور وہاں سے نکلنے کو کہا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ کا تازہ بیان 9/11 حملوں کے بعد گراؤنڈ زیرو پر اپنے کردار سے متعلق ان کے سابقہ بیانات کے سلسلے کی ایک نئی کڑی ہے۔ ٹرمپ ماضی میں بھی حملوں کے بعد امدادی سرگرمیوں میں اپنے کردار کا ذکر کرتے رہے ہیں، تاہم بعض ریسکیو اہلکاروں اور حکام کے بیانات ان دعوؤں سے مختلف رہے ہیں۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب 11 ستمبر 2001 کے حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر نیویارک میں ہونے والی مرکزی یادگاری تقریب میں ان کی عدم شرکت بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

9/11 حملوں میں مجموعی طور پر 2,977 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حملوں کی مرکزی یادگاری تقریب نیویارک کے گراؤنڈ زیرو پر منعقد ہوگی، جس میں نائب صدر جے ڈی وینس اور سابق صدور جو بائیڈن، باراک اوباما، بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش کی شرکت متوقع ہے۔

ٹرمپ جمعے کو نیویارک کے بجائے واشنگٹن میں پینٹاگون جا کر 9/11 حملوں کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔

ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے کہ انہیں 9/11 کی یادگاری تقریب میں تقریر کی اجازت نہ ملنے کے باعث نیویارک جانے سے گریز کیا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ نیویارک میں 9/11 کی تقریب ایک پُروقار تقریب ہوتی ہے جہاں کوئی تقریر نہیں کرتا۔

وائٹ ہاؤس کی تقریب میں ٹرمپ نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے ساؤتھ ٹاور سے حاصل ہونے والا اسٹیل بیم بھی دکھایا اور حملوں کے روز اپنے اقدامات سے متعلق اپنا تازہ بیان پیش کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک تعمیراتی منصوبے کی نگرانی کر رہے تھے اور حملوں کے فوراً بعد اپنی پوری ٹیم کو گراؤنڈ زیرو لے گئے تھے۔

اسی تقریب میں ٹرمپ نے رضاکار فائر فائٹر ویلز کرودر کے اہلِ خانہ کو امریکا کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز بھی پیش کیا۔ کرودر ساؤتھ ٹاور میں لوگوں کو باہر نکالنے میں مدد کرتے ہوئے ہلاک ہوئے تھے اور سرخ رومال پہننے کی وجہ سے بعد ازاں ’مین اِن دی ریڈ بندانا‘ کے نام سے مشہور ہوئے۔

تقریب کے دوران ٹرمپ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ کرودر ان سے زیادہ مشہور ہوگئے ہیں، جو انہیں پسند نہیں۔