27 رَبيع الأوّل / September 09

برطانیہ میں ایئر ٹریفک کنٹرول کے فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں فنی خرابی کے باعث فضائی سفر شدید متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تکنیکی خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آمدورفت متاثر ہوئی اور مسافروں کو کئی گھنٹوں تک طیاروں، رن ویز اور ایئرپورٹس کے ٹرمینلز میں انتظار کرنا پڑا۔

پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول کے نظام میں پیدا ہونے والے مسئلے کے باعث برطانیہ کے مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔

برطانیہ کی نیشنل ایئر ٹریفک سروسز (NATS) کے مطابق فلائٹ پروسیسنگ سسٹم میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کو شام کے وقت دور کرلیا گیا، تاہم اس کے اثرات کئی گھنٹوں تک برقرار رہے۔

NATS کے مطابق تکنیکی مسئلے کے باعث برطانیہ کے 15 ہوائی اڈوں سمیت مختلف مقامات پر پروازوں میں تاخیر ہوئی، جبکہ ایئرلائنز اور ہوائی اڈے معمول کی فضائی سرگرمیاں بحال کرنے اور تاخیر کا شکار پروازوں کا بیک لاگ ختم کرنے میں مصروف رہے۔

تکنیکی خرابی سے لندن کے ہیتھرو، اسٹینسٹیڈ اور لندن سٹی ایئرپورٹس کے علاوہ مانچسٹر، برمنگھم اور گیٹ وک ایئرپورٹس سمیت اسکاٹ لینڈ کے مختلف ہوائی اڈے بھی متاثر ہوئے۔

حکام کی جانب سے سسٹم کی خرابی دور کیے جانے کے باوجود پروازوں کے شیڈول کو معمول پر آنے میں وقت لگا، جس کے باعث متعدد مسافروں کو مزید تاخیر اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔