25 رَبيع الأوّل / September 07

پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے بھارت سے خطے میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین حل طلب تنازعات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی رائے شماری کے ذریعے ہونا ہے، جبکہ یہ رائے شماری اقوام متحدہ کی نگرانی میں کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے۔

سجاد حیدر خان کے مطابق اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ دکھایا گیا ہے، جبکہ بھارتی سرکاری نقشوں اور یک طرفہ خودمختاری کے دعووں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کی جائیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے وعدے کی تکمیل پر آمادہ کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام یقینی بنائے۔