118
کراچی میں پولیس کی مختلف کارروائیاں، 10 ملزمان گرفتار، متعدد زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ متعدد ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت رضوان…
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ متعدد ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت رضوان اور شعیب کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے پستول اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
قیوم آباد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے 30 بور کے 2 پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی، جبکہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
شرافی گوٹھ میں بھی مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم نور سلطان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔
پولیس کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 11-C3 میں ہونے والے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
شاہراہِ نور جہاں اور نیو کراچی سیکٹر 11-I میں بھی مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ تمام گرفتاریاں اور برآمدگیوں سے متعلق تفصیلات پولیس کے مؤقف پر مبنی ہیں۔








