15 رَبيع الأوّل / August 28

سنکیانگ: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے دورے کے دوران سنکیانگ میں ایک معروف چینی ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں دودھ کی پروسیسنگ اور ڈیری فارمز کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

چینی کمپنی کے حکام نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو دودھ کی پروسیسنگ کے مختلف مراحل سے آگاہ کیا اور ڈیری فارمز میں مویشیوں کی پرورش، دیکھ بھال اور حفظانِ صحت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈیری فارمز میں مویشیوں کی پرورش جدید اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق کی جاتی ہے، جبکہ دودھ کی پروسیسنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں لائیو اسٹاک کی بہتری اور فروغ کے لیے شروع کیے گئے منصوبے مثبت نتائج دے رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ مویشیوں کی افزائشِ نسل کے لیے خصوصی منصوبے جاری ہیں، جبکہ مویشیوں کو فربہ کرکے گوشت کی پیداوار بڑھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ڈیری اور لائیو اسٹاک کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور چینی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے اشتراک سے پنجاب میں ملک اور ڈیری پروسیسنگ کا جدید منصوبہ قائم کرنے کا ارادہ ہے، جس سے صوبے میں ڈیری سیکٹر کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے چینی کمپنی کے جدید نظام اور ڈیری پروسیسنگ کے طریقۂ کار میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔