24 ذوالحجة / June 20

ایران: جوابی کارروائی مکمل ہونے تک مذاکرات ممکن نہیں، اعلیٰ عہدیدار کا بیان

ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی مکمل کیے بغیر سنجیدہ مذاکرات کا آغاز نہیں کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عہدیدار، جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، کا کہنا تھا کہ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ حملے کی صورت میں مذاکرات ممکن نہیں، اس حوالے سے قطر اور عمان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ایرانی عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ ایران کی جانب سے عمان اور قطر سے جنگ بندی کے لیے کوئی درخواست نہیں کی گئی، اس بارے میں زیر گردش رپورٹس درست نہیں ہیں۔

عہدیدار کے مطابق ایران نے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی درخواست بھی نہیں کی ہے، اور اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔